بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بیرسٹر گوہرعلی خان بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب

پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہرعلی خان بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہوگئے ۔الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا۔انتخابات کے بعد چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں  جبکہ سینٹرل سے بیرسٹر گوہر چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا  کہ بلوچستان سے منیراحمد بلوچ  صدر منتخب ہو ئے ہیں  جبکہ پنجاب سے یاسمین راشد صدر پی ٹی آئی منتخب ہوئی ہیں۔ حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی سندھ کے صدر جبکہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے لیے علی امین گنڈا پور کو صدر منتخب کیا گیا ہے ۔

 نیاز اللہ نیازی  نے بتایا کہ مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان  بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کاکہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کے اعتراض کو مسترد کرتے ہیں ۔ بعدازاں  پی ٹی آئی نو منتخب چیئرمین بیرسٹر گوہرخان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا کسی سے کوئی جھگڑا نہ ہے اور نہ کریں گے، کیسز میں ہم 300 مرتبہ عدالت پیش ہوئے، فارن فنڈگ صرف پی ٹی آئی کی دیکھی گئی۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم نے ملک کو آگے لیکر جانا ہے ، جو پارٹی سربراہ کا فیصلہ ہوتا ہمارا بھی وہی ہوتا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کا منصب امانت کے طور پر ہوگا۔پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے سکیورٹی دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور ایس ایس پی آپریشنز نے خود سکیورٹی کی نگرانی کی۔

مزید پڑھیے  پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ کا اعلان،وفاقی پولیس کی چھٹیوں پر پابندی عائد

پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کی درخواست کے بعد الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی خیبر پختونخوا کو سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز، پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن 2 دسمبر کو کرائے جائیں گے کیونکہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو اپنے انتخابی نشان کے طور پر بلے کو برقرار رکھنے کے لیے 20 دن کے اندر اندر پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

Back to top button