بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ کپ کرکٹ، بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ورلڈ کپ 2023 میں بھارت نے کپتان روہت شرما اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی۔بھارت کے دارالحکومت دہلی میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔افغانستان نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدائی پانچ اوورز میں دونوں اوپنرز نے سنبھل کر بیٹنگ کی لیکن 32 کے مجموعی اسکور پر جسپریت بمراہ نے ابراہیم زدران کو چلتا کردیا۔

رحمٰن اللہ گُرباز اور رحمت شاہ نے اسکور کو 63 تک پہنچایا لیکن اسی مرحلے پر دونوں ہی بلے باز یکے بعد دیگرے 21 اور 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان حشمت اللہ شاہدی اور عظمت اللہ عمر زئی کی وکٹ پر آمد ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کے لیے اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا۔

دونوں نے بہترین اور ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بھارتی باؤلرز بالخصوص اسپنرز کا ڈٹ کر سامنا کیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 121 رنز کی شراکت قائم کی۔اس خطرناک ہوتی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ہردک پانڈیا نے 62 رنز بنانے والے عظمت اللہ کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔

حشمت اللہ نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 80 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی سنچری کی خواہش پوری نہ ہو سکی اور کلدیپ یادیو نے ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔اس مرحلے پر بھارت کو مزید دو بڑے نقصان برداشت کرنے پڑے اور بمراہ نے نجیب اللہ زدران کے بعد محمد نبی کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

مزید پڑھیے  ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کا میچ بارش کی نذر

اختتامی اوورز میں بھارتی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب افغان بلے باز تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہے اور افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 272 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ہردک پانڈیا نے دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت نے کپتان روہت شرما کی بدولت جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ساتویں کی پہلی گیند پر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا دی۔ایشان کشن اور روہت نے بہترین کھیل کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 12ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل کرادی اور اس دوران روہت شرما نے اپنی ففٹی مکمل کر لی۔

بھارتی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 156 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جس میں خصوصاً روہت شرما نے مرکزی کردار ادا کیا جنہوں نے صرف 63 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کر لی۔افغانستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 47 رنز بنانے والے ایشان کشن افغان اسپنر راشد خان کی گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے اور آسان کیچ دے بیٹھے۔

روہت شرما نے 84 گیندوں پر 5 چھکوں اور 16 چوکوں سے سجی 131 رنز کی باری کھیلی اور راشد خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اس کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے شریاس آئیر آئے اور دونوں نے مزید کسی نقصان کے بغیر اپنی ٹیم کو 35ویں اوور میں ہی 8 وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ دو قیمتی پوائنٹس بھی دلا دیے۔ویرات کوہلی نے 55 اور آئیر نے 27 رنز بنائے۔131 رنز کی اننگز کھیلنے والے روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیے  ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستانی ویمنز کو ون ڈے سیریزمیں وائٹ واش کردیا
Back to top button