بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مسلح افواج ملکی دفاع اور سکیورٹی کی علامت ہیں،مسعود خان

امریکہ میں پاکستان کےسفیر مسعود خان نے کہا ہے ہماری مسلح افواج کا مستقبل تابناک ہے۔ قوم کا ناقابل تسخیر جذبہ پاک افواج کی طاقت ہے اور وہ خطے میں امن اور سلامتی کی شمع روشن کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے اور پوری قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کی مقروض ہے۔سفیر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مسعود خان نے کہا یہ دن ان ہزاروں شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جو قوم کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

سفیر پاکستان نے مسلح افواج کی بہادری، جرات اور استقامت کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج جو کہ بری ، بحریہ اور فضائیہ اور سٹریٹجک اور نیم فوجی دستوں پر مشتمل ہے مضبوط ترین افواج میں سے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج کی اعلی قیادت اور جوان پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قابلیت کے اعلی ترین معیار کے حامل ہیں۔تقریب کی نظامت گروپ کیپٹن سید حسن خالد کاظمی نے کی ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر عرفان علی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں امریکی فوج، فضائیہ اور بحریہ کے افسران، مختلف ممالک کے ڈیفنس اتاشی، اعلی امریکی حکام اور سفارتی برادری کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تیاریوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختصر دستاویزی فلمیں چلائی گئیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ اٹھاون سال قبل آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج نے مادر وطن کا دفاع کیا اور حملہ آور کو پیچھے دھکیل دیا۔ سفیر مسعود خان نے کہا کہ آج ہم ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔دہشت گردی کی عفریت کے خلاف جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہماری مسلح افواج اور ہماری قوم نے خون اور خزانے کی غیر متناسب اور بہت زیادہ قیمت ادا کی ہے۔

مزید پڑھیے  ہم دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کردیں گے،آرمی چیف

مسعود خان نے اس موقع پر جموں و کشمیر کیبہادر عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو اپنی آزادی اور آزادی کی جستجو میں دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہم 1965 کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں وہاں اس امر کا مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دیا جائے ۔ یہ خطے میں امن اور استحکام کی کلید ہے ۔

مسعود خان نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے خصوصا قیام پاکستان کے ابتدائی مراحل میں دفاع کے شعبے میں تعاون پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات خاص طور پر انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون، قدرتی آفات کے دوران امداد، انسانی امداد اور فوجی تربیت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنایا جارہا ہے ۔ دونوں فریق اس شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں ۔

اس تناظر میں مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نیوی نے ، جو خطے کی دوسری سب سے بڑی بحری فوج ہے، میری ٹائم سیکیورٹی اور انسداد بحری قزاقی کے حوالے امریکی قیادت میں منعقدہ سی ٹی ایف 150 اور 151 میں امریکی افواج کے ساتھ شراکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ 21 مرتبہ ان ٹاسک فورسز کی کمان سنبھال چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی جانب سے منعقد کی جانب والی کثیر القومی امن مشقوں میں باقاعدگی سے شرکت کرنے پر امریکی بحریہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیے  سمیع ابراہیم گھر واپس پہنچ گئے

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشان امتیاز ( ملٹری ) نے اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور مادر وطن کی سالمیت اور دفاع کے حوالے سے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھ ستمبر ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی جرات کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے وطن کے دفاع کے لیے غیرمتزلزل بہادری، جرات مندانہ عزم اور قربانی کے اعلی جذبے کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور کسی بھی جارحیت کے خلاف غیر متزلزل عزم کے لیے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔

تاریخ کے حالیہ دور میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے اتحادیوں، خاص طور پر امریکہ کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی قیادت کی ۔ ہم نے عصر حاضر میں دنیا کا سب سے بڑا کانٹر ٹیررازم آپریشن بے مثال کامیابیوں کے ساتھ لڑا۔ پاکستان نے اس عالمی جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اور پڑوس میں امن کا خواہاں ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ڈیفنس اتاشی ایمبیسی آف پاکستان بریگیڈیئر عرفان علی نے اپنے مسلح افواج، نیم فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر مرد و خواتین کی قربانیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیے  پاکستان اور امریکا باہمی اعتماد کو بڑھانے کے باعث وسیع البنیاد تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں، سفیر مسعود خان

Back to top button