بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

پیوٹن یوگینی پریگوزین کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے

روس کی حکومت نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن گزشتہ ہفتے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے ویگنر فوجی گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزین کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ویگنر فوجی گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزین گزشتہ ہفتے اپنے فوجیوں کو روس کی اعلیٰ فوجی قیادت کو ختم کرنے کا حکم دینے کے دو ماہ بعد ہلاک ہو گیا تھا، جن کو مبصرین نے صدر ولادیمیر پیوٹن کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیا تھا۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا ولادیمیر پیوٹن آخری رسومات میں شرکت کریں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ صدر کی وہاں موجودگی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اس بارے میں کوئی عوامی اعلان نہیں کیا گیا کہ پریگوزن کو کب اور کہاں دفنایا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ہمارے پاس آخری رسومات کے بارے میں خاص طور پر کوئی معلومات نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گزشتہ ہفتے ویگنر فوجی گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزین کو اپنی زندگی میں سنگین غلطیاں کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے یوگینی پریگوزیشن کے بارے میں صحیح معلومات حاصل کر لیے ہیں۔

کریملن نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے کہ ماسکو نے رواں برس جون میں ویگنر گروپ کے مارچ کا بدلہ لینے کے لیے یہ حادثہ کرایا ہے۔

اشتہار
Back to top button