اسلام مخالف رکن پارلیمنٹ کو قتل کی دھمکی، سابق کرکٹر خالد لطیف کیخلاف ٹرائل
اسلام مخالف رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈرز کے قتل کے لیے اکسانے پر پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر خالد لطیف کے خلاف نیدرلینڈز میں ٹرائل جاری ہے جہاں پراسیکیوٹر نے جرم ثابت ہونے پر انہیں 12سال کی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیدرلینڈز کے پبلک پراسیکیوٹر نے پاکستان میں موجود 37سالہ خالد لطیف پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے 2018 میں ایک آن لائن ویڈیو میں ولڈرز کی موت کے بدلے 23ہزار ڈالر ادا کرنے کی پیش کش کی تھی۔
اسلام مخالف مہمات اور نعرے بازی کے لیے مشہور نیدرلینڈز کے رکن پارلیمنٹ نے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں شدید غم و غصے اور مظاہروں کے بعد رسول اکرمﷺ کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کو منسوخ کردیا تھا جہاں اس موقع پر انہیں توہین رسالت پر مختلف ملکوں سے قتل کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی تھیں۔
پراسیکیوٹر ایف اے کوئپرز نے ججوں کو بتایا کہ خالد لطیف نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا بدلہ لینے کے لیے دیگر لوگوں کو ولڈرز کے قتل پر اکسانے کی کوشش کی تھی۔
شیفول ایئرپورٹ سیکیورٹی حصار میں کمرہ عدالت میں ہونے والی سماعت میں پراسیکیوٹر نے دعویٰ کیا کہ خالد لطیف نے نہ صرف تشدد سے ایک انسانی جان کے خاتمے کی کوشش کی بلکہ ایک ڈچ نمائندے کو خاموش بھی کرانا چاہا۔
کوئپرز نے خالد لطیف کو 12سال کی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کارٹون مقابلہ روکنے کے لیے قتل کے لیے اکسانا اور اس مقابلے کے منتظم کو قتل کرنے کے لیے رقم کی پیش کش پر سخت سزا دی جانی چاہیے۔
کمرہ عدالت میں خالد لطیف اور ان کا وکیل دونوں ہی موجود نہ تھے۔
ہیگ میں پاکستانی سفارت خانے نے سماعت کے بعد کوئی تبصرہ نہیں کیا جبکہ خالد لطیف سے بھی فوری طور پر تبصرہ کے لیے رابطہ نہ ہو سکا۔