بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ایرانی وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

مشرق وسطیٰ کی دو بڑی طاقتوں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے پہلے دورے کے دوران جمعے کو سعودی عرب کے حقیقی حکمران تصور کیے جانے والے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ جمعرات کو سعودی عرب آنے والے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے ایک روزہ دورے میں ایک دن کی توسیع کے بعد جدہ میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

وزارت خارجہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا، مستقبل میں تعاون کے مواقع اور ان کو فروغ دینے کے طریقوں کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی منظرنامے میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ارنا نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے 37 سالہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

شیعہ مسلم اکثریتی ایران اور سنی حکومت کے حامل سعودی عرب نے 2016 میں تعلقات منقطع کر لیے تھے لیکن رواں سال مارچ میں چین کی ثالثی کی کوششیں رنگ لائیں اور دونوں ممالک نے ایک معاہدہ کرتے ہوئے سفارتی تعلقات کی بحالی پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

اس اعلان سے امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے کیونکہ خطے کی ان دو بڑی طاقتوں میں مشرق وسطیٰ بالخصوص یمن میں جاری تنازعات میں مخالف فریقین کی حمایت کی ہے۔

مزید پڑھیے  وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد سے ملاقات

جمعرات کو امیر عبداللہیان نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تعلقات صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

ان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ملاقات کا پیش خیمہ ثابت ہو گا تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی شاہ سلمان کی دعوت پر کب سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

Back to top button