بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے  پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان

ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے  پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، فہیم اشرف، طیب طاہر  اور سعود شکیل کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے  اور وہ ایشیا کپ کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔قومی سلیکشن کمیٹی میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں جنہوں نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔

ایشیا کپ اسکواڈ

ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اوپنرز : عبداللہ شفیق،  فخرزمان، امام الحق

مڈل آرڈر:  بابراعظم ( کپتان )، سلمان علی آغا،  افتخار احمد،  طیب طاہر

وکٹ کیپرز:  محمد رضوان،  محمد حارث

اسپنرز:  شاداب خان ( نائب کپتان )، محمد نواز،  اسامہ میر

پیس آل راؤنڈر:  فہیم اشرف

پیسرز: حارث رؤف،  محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ،  شاہین شاہ آفریدی

افغانستان کیخلاف سیریز کا اسکواڈ

افغانستان کے خلاف سیریز کا 18 رکنی اسکواڈ یہ ہے۔

اوپنرز : عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق

مڈل آرڈر:  بابراعظم ( کپتان )، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر اور سعود شکیل

وکٹ کیپرز: محمد رضوان، محمد حارث

اسپنرز: شاداب خان ( نائب کپتان ) ، محمد نواز،  اسامہ میر

پیس آل راؤنڈر:  فہیم اشرف

پیسرز: حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی

مزید پڑھیے  پاکستان سپر لیگ 2022 کا شیڈول جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سلیکٹرز نے اس سال اپریل مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے والے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ طیب طاہر اور فہیم اشرف کو شان مسعود اور احسان اللہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ سعود شکیل کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق فہیم اشرف دو سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم میں مزید توازن ہوگا۔ وہ آخری بار جولائی 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کھیلے تھے۔

طیب طاہر کو دوسری مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں اس سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

طیب طاہر پاکستان کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔ انہوں نے حال ہی میں اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف 128 رنز کی جیت میں سنچری کے ذریعے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ سعود شکیل پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے آخری بار مارچ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے348 رنز کا ہدف عبور کرکے چھ وکٹوں سے سے کامیابی حاصل کی تھی۔

شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے ہیں جبکہ احسان اللہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی کہنی کے ری ہیب پروگرام میں مصروف ہیں۔

مزید پڑھیے  آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ، پاکستان نے آسڑیلیا کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف دیدیا
Back to top button