بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سکیورٹی فورسز کی خیبر اور جنوبی وزیرستان میں کارروائیاں، 3 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبر اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 27 جولائی کو ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جوانوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ اسی طرح 28 جولائی کو جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور شدید جھڑپ ہوئی جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہ چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جا ری ہے تاکہ علاقے میں موجود دیگر کسی بھی دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

مزید پڑھیے  سکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشتگرد مارا گیا
Back to top button