بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

توشہ خانہ کیس روکنے کی پی ٹی آئی چیئرمین کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن حکام اور وکیل امجد پرویز سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، عمران خان کی جانب سے وکیل خواجہ حارث پیش ہوئے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل عدالت عظمیٰ کے 2 رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت کی۔

سماعت شروع ہونے سے قبل کمرہ عدالت کے باہر شور شرابے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ حارث آپ باہر جاکر معاملات کو دیکھیں، ہم ایسے مقدمے کو نہیں سن سکتے، عدالت کی عزت و احترام سب پرلازم ہے، یہ آپ کی اور درخواست گزار کی ذمہ داری ہے کہ عدالت کی تکریم کو یقینی بنائیں، ہم ایسے سماعت نہیں کر سکتے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے کمرہ عدالت آنے کے باوجود شور شرابہ نہ رکنے پر ججز اٹھ کر چلے گئے، کمرہ عدالت کے باہر خاموشی ہونے پر دو رکنی بینچ نے سماعت دوبارہ شروع کی تو جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ معاملہ ہائی کورٹ کو بھجوا رہے ہیں تو ٹرائل کیسے روک دیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہائی کورٹ کا حکم چیلنج کریں گے تو تفصیل سے سن کر مناسب حکم جاری کریں گے، ابھی تو ہائی کورٹ نے براہ راست کوئی حکم نہیں دیا جس پر وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو سات روز میں فیصلے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیے  انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایران میں بلوچ دہشتگرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم پر عمل ہو چکا، ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی کل سماعت کے لیے مقرر ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ کیس میں دائرہ اختیار سے متعلق نکتہ بنیادی اور اہم ہے، ہم ہائی کورٹ کو کوئی حکم نہیں دے رہے، ماتحت عدلیہ سے متعلق ایڈوائزری اختیار سماعت ہائی کورٹس کے پاس ہے، ہم تو صرف ہائی کورٹ سے درخواست کر سکتے ہیں، میرے خیال میں ہمیں اس وقت اس معاملے میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔

عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ وکیل درخواست گزار اور ڈی جی لا الیکشن کمیشن دونوں نے اتفاق کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے دونوں درخواستوں کو سن کر فیصلہ کرے۔

درخواست گزار کی جانب سے توشہ خانہ ٹرائل کورٹ کے جج پر اعتراض کی درخواست ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، درخواست گزار نے ہائی کورٹ کے مقدمہ ٹرائل کورٹ میں منتقل کرنے کے فیصلے کو بھی چیلنج کر رکھا ہے۔

عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ دونوں درخواستوں کو سن کر فیصلہ کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں جرح کے دوران دستاویزات طلبی کی استدعا مسترد ہونے اور توشہ خانہ فوجداری کیس سننے والے جج کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور گرفتاری سے روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی 2 درخواستیں قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

مزید پڑھیے  عدالت اسمبلی کی کارروائی میں مداخلت کی قائل نہیں،چیف جسٹس
Back to top button