ترقیاتی اقدامات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ روابط جاری رکھیں گے، امریکا
امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے جاری شراکت داری کا اعادہ کیا اور افغانستان میں استحکام سمیت متعدد امور پر بات کی۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکا تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ روابط جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری کے ذریعے تعلقات بڑھانے پر بھی بات کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے پریس کی آزادی کے بارے میں اظہار کرتے رہتے ہیں، آزاد پریس اور باخبر شہری کسی بھی قوم کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
ویدانٹ پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں خواتین پر حملے کی ویڈیو حیران اور صدمہ والی تھی، بھارتی متاثرہ خواتین سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منی پور میں تشدد کے پرامن اور جامع حل کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، بھارتی حکام تمام گروپس کی جان و مال کی حفاظت کریں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی امریکی عہدیدار کا دورۂ افغانستان کا کوئی پلان نہیں، افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، خواتین اور لڑکیوں سے سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی شناخت کے لیے طالبان کو ان اقدامات کا اور پالیسیوں کا انتخاب کرنا ہوگا جس کا انہیں کہا تھا، امریکا غور سے دیکھ بھی رہا ہے اور ضرورت کے مطابق کارروائی بھی کرے گا۔