بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

24 ہزار 822 غیر رجسٹرڈ افغان شہری ازخود افغانستان واپس لوٹ گئے

مہاجرین کے عالمی ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ اپریل اور جون 2023 کے درمیان کُل 24 ہزار 822 غیر رجسٹرڈ افغان شہری ازخود پاکستان سے افغانستان واپس لوٹ گئے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 11 ہزار 397 افغان شہری طورخم بارڈر پوائنٹ اور 13 ہزار 425 ویش-چمن بارڈر کے ذریعے واپس لوٹے۔

بارڈر حکام نے ایسے ایک ہزار 229 افراد کو بھی واپسی کی سہولت فراہم کی جن کے پاس پاکستان میں رہنے کے لیے قانونی دستاویزات نہیں تھیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان ایک ہزار229 افراد کے بارے میں معلومات ان اعداد و شمار میں شامل نہیں ہیں۔

واپس لوٹنے والوں کی فیملی اوسطاً 6 افراد پر مشتمل تھی، اس مدت کے دوران افغانستان لوٹنے والوں میں سے 5 فیصد کو ’غیرمحفوظ افراد‘ کے طور پر شمار کیا گیا ہے۔

افغانستان واپس لوٹنے والوں کو جن 3 سب سے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا ان میں معاش کا بندوبست کرنا، نئے شہر میں آباد ہونا اور آمدنی کے بہتر مواقع تلاش کرنا شامل ہے۔

سروے کے دوران دیکھا گیا کہ وطن واپس لوٹنے والے تمام افراد گھریلو سامان ساتھ لے کر جا رہے تھے، انہوں نے اضافی اشیا کے ساتھ بھی سفر کیا، جن میں ذاتی سامان (99 فیصد)، نقدی (97 فیصد)، مفید اثاثے (88 فیصد)، گاڑیاں (3 فیصد) اور مویشی (ایک فیصد) شامل تھے۔

اگرچہ آئی او ایم نے 2 سرحدی گزرگاہوں سے وطن واپس لوٹنے والے 24 ہزار 822 غیر رجسٹرڈ افغانوں کی نشاندہی کی ہے لیکن امکان موجود ہے کہ یہ اعدادوشمار وطن واپس لوٹنے والے غیررجسٹرڈ افغانوں کی کُل تعداد کی عکاسی نہیں کرتے۔

مزید پڑھیے  ملا عبدالغنی برادر افغانستان پہنچ گئے
Back to top button