وٹامن بی کی کمی ختم کرنے کیلئے یہ غذائیں کھائیں
وٹامن بی کی تمام قسمیں ہمارے جسم کو صحت مند رکھنے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں، انہیں اعصابی نظام کی معاونت، جلد، خلیات، خون بنانے، میٹابولزم اور توانائی وغیرہ کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔
وٹامن بی کی 8 مختلف اقسام پائی جاتی ہیں یعنی تائی مائن (بی 1)، ویبو فلیووین (بی 2)، نیاسین (بی 3)، فینٹوتینک ایسڈ (بی 5)، پرآئیڈکسین (بی سکس)، بائیوٹین (بی 7)، فولیٹ (بی 9) اور کوبالامن (بی 12) اور ان سب کو بی کمپلیکس وٹامنز کہا جاتا ہے۔
اب سب بی وٹامنز میں بی 12 واحد ہے جو ہمارے جسم میں طویل عرصے تک محفوظ رہ سکتا ہے اور اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ باقی بی وٹامنز کا حصول غذا یا سپلیمنٹ سے ممکن ہوتا ہے۔
ویسے یہ جان لیں کہ بی کمپلیکس سپلیمنٹ عام طور پر اس وقت تک فائدہ مند نہیں ہوتے جب تک ان وٹامنز کی کمی جسم میں نہ ہوجائے۔
اور ان سپلیمنٹس پر پیسے خرچ کرنے کی بجائے ان غذاﺅں کے بارے میں جان لیں جن کے ذریعے آپ تمام بی وٹامنز کو حاصل کرسکتے ہیں۔
کلیجی
گائے کی کلیجی اکثر افراد کو کچھ زیادہ پسند نہیں ہوتی مگر اس میں بی وٹامنز کی مختلف اقسام کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، سو گرام کلیجی سے کافی مقدار میں وٹامن بی 2، بی فائیو اور بی 3 مل جاتا ہے جبکہ فولیٹ، بی سکس اور بی 12 کو حاصل کرنا بھی ممکن ہوتا ہے، یہ غذا خون کی کمی کے شکار افراد کو اس مسئلے سے نجات دلانے کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
انڈے
انڈے کھانے کی عادت بی وٹامنز کے حصول کا اچھا ذریعہ خصوصاً بائیوٹین (بی 7) کے لیے۔ بائیوٹین انڈے کی زردی اور سفیدی دونوں میں پایا جاتا ہے۔ اور یہ وٹامن اسی وقت جسم کو یہ بائیوٹین بالوں، ناخنوں کی صحت کے لیے ضروری ہوتا ہے جبکہ ڈپریشن اور ذہنی مسائل سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ اس وٹامن کے حصول کے لیے انڈوں کو اچھی طرح پکا کر کھانا چاہیے کیونکہ انڈے کی کچی سفیدی میں ایک ایسا پروٹین ہوتا ہے جو جسم کو بائیوٹین جذب کرنے سے روکتا ہے۔
سورج مکھی کے بیج
سورج مکھی کے بیج وٹامن بی 5 سے بھرپور ہوتے ہیں، اگرچیہ یہ وٹامن اکثر نباتاتی اور حیوانی غذاﺅں میں موجود ہوتا ہے مگر وہ مقدار بہت کم ہوتی ہے اور اکثر پکانے کے عمل میں ضائع ہوجاتی ہے۔ اس لیے سورج مکھی کے بیج اس حوالے سے فائدہ مند ہوتے ہیں۔
مچھلی
چربی والی مچھلی میں بی وٹامنز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، سوگرام مچھلی میں بی تھری، بی 12 اور بی سکس کے ساتھ ساتھ وٹامن بی 2، بی 1 اور بی فائیو بھی موجود ہوتے ہیں۔
چکن
چکن وٹامن بی تھری اور بی سکس کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے، ویسے اس گوشت میں 8 میں سے 6 بی وٹامنز موجود ہوتے ہیں۔
گائے کا گوشت
اگر آپ بی وٹامنز کی زیادہ مقدار چاہتے ہیں تو گائے کا گوشت اچھا ذریعہ ہے جس میں 8 میں سے 6 بی وٹامنز پائے جاتے ہیں، خصوصاً وٹامن بی تھری کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو کہ اعصابی نظام اور جلد کو اچھی ساخت برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے، اس کے علاوہ بی 1، بی ٹو اور بی سکس بھی اس گوشت سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
دودھ
دودھ سے جسم کو وٹامن بی 2 ملتا ہے جو غذا سے حاصل ہونے والے توانائی کو جسم میں اخراج میں مدد دیتا ہے، گائے کا دودھ اس وٹامن کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے، اس کے علاوہ دودھ سے جسم کو کچھ مقدار میں بی 12، بی 1 اور بی فائیو بھی ملتا ہے۔
دالیں
دالوں سے جسم کو وٹامن بی نائن یا فولیٹ ملتا ہے جو خون کے صحت مند سرخ خلیات کے بننے میں مدد دیتا ہے، چنے، کالے چنے وغیرہ اس اہم وٹامن کے حصول کا اچھا ذریع ہیں۔
سبز پتوں والی سبزیاں
سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک یا ساگ کو اپنی غذا کا حصہ بنانا بھی فولیٹ کے حصول میں مدد دیتا ہے، کچھ مقدار میں پالک کو کھانے سے ہی جسم کو کافی مقدار میں فولیٹ مل جاتا ہے جس سے خون کی کمی کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔