بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف کی ادائیگیاں دو روز معطلی کے بعد دوبارہ شروع

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت وظائف کی ادائیگی، جو شدید گرمی کے باعث گزشتہ 2 روز سے معطل تھی، وہ آج 26 جون بروز پیر کی صبح سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق ان وظائف کی ادائیگیاں آج 26 جون سے 28 جون بروز بدھ تک جاری رہیں گی۔ تاہم یہ ادائیگیاں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران بند رہیں گی اور 3 جولائی سے دوبارہ شروع ہوں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف ملک بھر میں 90 لاکھ گھرانوں میں 9 ہزار روپے فی گھرانہ سہ ماہی کی بنیاد پر دیے جا رہے ہیں- اس کے علاوہ بینظیر تعلیمی وظائف کے لئے رجسٹرڈ بچوں کی ماؤں کو بھی ساتھ ہی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 19 جون سے اب تک 29 لاکھ 34 ہزار سے زائد گھرانوں میں تقریباً 26 ارب روپے کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔

ترجمان بی آئی ایس پی کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر و چیئر پرسن محترمہ شازیہ مری کی ہدایات پر ان وظائف کی شفاف ادائیگی کے لئے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شکایت کی صورت میں فوری طور پر بی آئی ایس پی کی ٹول فری ہیلپ لائن 26477-0800 پر اطلاع کریں جبکہ بی آئی ایس پی کی جانب سے تمام پیغامات صرف اور صرف 8171 سے بھیجے جاتے ہیں۔

Back to top button