بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پنجاب میں 10برس بعد  45 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت

جعلی زرعی ادویات کے انسداد کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کاوشیں رنگ لے آئیں ـ پنجاب میں 10برس کے بعد تقریبا 45 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کاشت ہو چکی ہے اور15جون تک 50 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کر لیا جائے گاـ

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کپاس کی بوائی کی رپورٹ پیش کی گئی ـ محسن نقوی نے کپاس کے زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہارکیا اور ہدایت کی کہ کپاس کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے موثر مینجمنٹ کی جائےـ

نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے صوبہ بھرمیں جعلی زرعی ادویات کے انسداد کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا اورانسپکٹر جنرل پولیس کو جعلی پیسٹی سائیڈ کیلئے کریک ڈاؤن کی نگرانی اور روزانہ میٹنگ کرنے کی ہدایت کیـ اجلاس میں معیاری زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سٹالز اور سنٹرز قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیاـ

محسن نقوی نے کہا کہ 3 ڈویژن میں کاٹن سے متعلق امور کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ سیل بنائے جائیں گے اور جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جائے گاـ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کاٹن کے کاشتکاروں کو اچھے نرخ کی ادائیگی یقینی بنائیں گےـ کپاس کا زیر کاشت رقبہ بڑھنے سے  نا صرف فارمرخوشحال ہو گا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی ـ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل کرنے پر سیکرٹری زراعت، کمشنرز اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ـ

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا کہ فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا میں کپاس کی بوائی کا ہدف 100 فیصد حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ ملتان میں کپاس کی بوائی کا 96 فیصد، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 92 فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیا گیا ہے ـچیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کاٹن فارمرز کی رجسٹریشن اور آن لائن رپورٹنگ کا سسٹم وضع کیا جا رہا ہے ـ فیلڈ اسسٹنٹ موبائل ایپ کے ذریعے کپاس کی کاشت کی نگرانی اور ایڈوائزری سروسز سرانجام دیں گےـ کاٹن کا تصدیق شدہ بیج کاشت کرنے والے فارمرز کی جیو ٹیگنگ کی جا سکے گی ـ کپاس کی فصل پر سنڈیوں کے حملے کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کئے جا سکیں گےـ

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز آبپاشی، لائیوسٹاک، خوراک، خزانہ، کمشنر لاہور، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پنجاب لینڈ ریکار اتھارٹی،پنجاب بینک، پنجاب سرمایہ کاری بورڈکے حکام نے اجلاس میں شرکت کی ـ فواد مختار،سیکرٹری جنرل اپٹما شاہد ستار اور متعلقین زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ سیکرٹری زراعت، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب، کمشنرز اور آر پی اوز اور دیگر زرعی ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

Back to top button