بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

طیب اردوان ترکیہ کے دوباہ صدر منتخب، وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے کامیابی حاصل کرلی اور وہ اگلے 5 سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔آج ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے  5 بجے تک جاری رہی۔پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اب تک 98.06 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔

اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردوان 52.12 فیصد ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 47.88 فیصد ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردوان نے 2 کروڑ 68  لاکھ37  ہزار 84 ووٹ لیے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار  کمال قلیچ دار اوغلو 2 کروڑ 46 لاکھ 54 ہزار 839 ووٹ لیے ہیں۔صدارتی انتخاب میں ٹرن آؤٹ 85 فیصد سے زائد رہا۔ اس کے علاوہ اوورسیز ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کر دی۔وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں صدر اردوان کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ پیارے بھائی رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر جمہوریہ ترکیہ کے صدر کا تاریخی انتخاب جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ ان کا شمار چند ایسے عالمی رہنماؤں میں ہوتا ہے جن کی سیاست کی بنیاد عوام کی خدمت ہے،  رجب طیب اردوان مظلوم مسلمانوں کی طاقت اور ان کے حقوق کی ایک مضبوط آواز ہیں۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ صدارتی انتخاب میں ان کی فتح اور پارلیمانی انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی کئی طرح سے اہمیت کی حامل ہیں اور ان کی لیڈرشپ پر ترک عوام کے اعتماد اور یقین کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات مزید آگے بڑھیں گے، میں ان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور دونوں اقوام کے بھائی چارے کو مزید تقویت دینے کا منتظر ہوں۔

Back to top button