بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

میئر کراچی کیلئے جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کا اتحاد

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میئرکراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی میئر کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو سپورٹ کرے گی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پیپلز پارٹی میئر کراچی کے انتخابی عمل میں پری پول رگنگ کر رہی ہے، پیپلز پارٹی منتخب بلدیاتی نمائندگان کو سندھ پولیس کے ذریعے اغوا کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ جو پیپلز پارٹی 4 بار بلدیاتی انتخاب سے پیچھے بھاگی وہ اجلت میں میئر کا انتخاب کروانا چاہتی ہے، بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے ان کو اغوا کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کر چکی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ میئر کا انتخاب شفاف طریقہ کار سے ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی نے چور دروازے سے میئر کے انتخاب کا راستہ بنایا، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتی کہ عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے۔

دریں اثنا نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ ہمارے نمبرز پورے ہیں اور میئر کے انتخاب ’شو آف ہینڈ‘ سے ہوگا، اس میں خفیہ رائے دہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اب واضح طور پر جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی اکثریت ہے، پیپلزپارٹی اپنے پرانے ہتھکنڈے ضرور استعمال کرے گی لیکن میرا نہیں خیال کہ وہ کامیاب ہو پائے گی کیونکہ الحمداللہ بہت اچھے طریقے سے ہمارے معاملات طے پاگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں پیپلزپارٹی اور حکومت سندھ رکاوٹ بن رہی ہے جو پی ٹی آئی کے لوگوں کو ہراساں کررہی ہے، چھاپے مارے جارہے ہیں، ان کو خریدنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ان شا اللہ ہم پی ٹی آئی کو پوری طرح سے ساتھ ملائیں گے، انہوں نے اگر غیرمشروط بھی کہا ہے تو ہم ان کا ڈپٹی میئر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ 9 ٹاؤن جماعت اسلامی اور 3 پی ٹی آئی کے پاس ہیں، یوسیز کے فیصلے ٹریبونل، اسلام آباد ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن میں زیرالتوا ہیں، اگر ہم مل کر اس کے لیے کوشش کریں تو ان شا اللہ 3 سے 4 ٹاؤن اور حاصل کرلیں گے۔

Back to top button