بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ساجد سدپارہ اناپورنا چوٹی آکسیجن کے بغیر سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

مرحوم کوہ پیما علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نیپال میں واقع دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی اناپورنا آکسیجن کے بغیر سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔سیون سمٹ ٹریکس کے مطابق ساجد علی سدپارہ نے جمعے کو اپنی مہم کا آغاز کیا تھا اور آج 8 ہزار 91 میٹر بلند اناپورنا چوٹی سر کرنے میں کامیابی حاصل کی، انہوں نے چوٹی سے واپس نیچے کی جانب اترنا شروع کر دیا ہے اور رات قیام کے لیے نچلے کیمپوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔

13 مارچ کوہ پیما ساجد علی سدپارہ بغیر کسی اضافی آکسیجن کے دنیا کے تین بلند ترین پہاڑ سر کرنے کے مشن پر نیپال پہنچے تھے، اُن کا کانگچنجنگا (8 ہزار 586 میٹر)، دھولاگیری (8 ہزار 167 میٹر) اور مکالو (8 ہزار 481 میٹر) چوٹیاں سر کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔

نیپال روانگی سے قبل نجی ٹی وی چینل  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اُن کا مشن 3 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ساجد سدپارہ کا ہدف آکسیجن کے بغیر دنیا میں موجود 8 ہزار سے زیادہ بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنا ہے تاکہ وہ اپنے مرحوم والد کا خواب پورا کرسکیں، وہ پاکستان میں 8 ہزار 611 میٹر بلند کے-ٹو، 8 ہزار 80 میٹر بلند گیشربروم-ون، 8 ہزار 35 میٹر بلند گیشربروم-ٹو اور نیپال میں 8 ہزار 163 میٹر بلند شہر مناسلو چوٹی بھی بغیر آکسیجن کے سر کرچکے ہیں۔

Back to top button