بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایک سال قبل اندازہ نہیں تھا کہ حالات اتنے مشکل ہوں گے، وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر کہا کہ اپوزیشن نے ایک سال قبل آئینی شق کو استعمال کر کے پاکستان کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی لیکن ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ حالات اتنے مشکل ہوں گے۔

دستورِ پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں منعقدہ کنونشن میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیرخاجہ بلاول بھٹو زرداری، پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی شریک ہوئے۔

گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک بہت اہم دن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز حاضرین اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ 50 برس گزرنے کے باوجود اور 1973 کے آئین میں متعدد ترامیم کے باوجود یہ آئین آج بھی زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 50 برس پہلے پاکستان کے وہ سیاسی زعما جو اپنے اختلافات اور سیاسی نظریات کی بنیاد پر شاید نہ مل بیٹھتے لیکن پاکستان میں آئین کی حکمرانی، عدل و انصاف کے بول بالا کے لیے انہوں نے اپنے اختلافات ایک جانب کردیے اور مل بیٹھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے جس اجتماعی بصیرت، خلوص اور دل کی گہرائی سے جو محنت کی اس کا ثمر آئین کی صورت میں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسا تاریخی کارنامہ ہے کہ جو ہمیشہ سنہرے حرفوں میں یاد رکھا جائے گا، آج کا دن انتہائی اہم ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کس طرح 1955 میں نظریہ ضرورت کو ایجاد کیا گیا اور کس طرح ایک چیف جسٹس نے ایک ڈکٹیٹر کو بغیر پوچھے 3 سال کی رعایت دے دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کو ری رائٹ بھی کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ سیاست دانوں میں خامیاں نہیں لیکن جس طرح 1973 آئین بنانے والے مل بیٹھے اور تاریخ رقم کی اس طرح پاکستان کی اپوزیشن نے ایک سال قبل آئین کی ایک شق کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ حالات اتنے مشکل ہوں گے، کسی نے کہا اتحادی حکومت ایک مہینہ نہیں چل سکتی اور آج ایک سال ہوگیا یہ اتحادی حکومت چل رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکلات ہیں، غلطیاں بھی ہوں گی کوتاہیاں بھی ہوں گی لیکن جب آپ ٹھان لیں کہ مل کر کام کرنا معاملات کو چلانا ہے تو بڑے بڑے چیلنجز عبور ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین بنانے والوں کو میں سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت کا راستہ بنایا اور پاکستان کو آئین دیا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام ترامیم کے باوجود اور کئی مرتبہ بڑے بڑے طوفان آئے لیکن یہ وہ آئین ہے کہ جس نے چاروں اکائیوں کو ایک لڑی میں پرو کر رکھا ہے۔وزیراعظم نے میاں رضا ربانی اور ان کی کمیٹی کو مبارکباد پیش کی۔

Back to top button