بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

خوفناک ٹریفک حادثے میں 16 افراد ہلاک

وسطی چین میں ایک ہائی وے پر پیش آئے خوفناک ٹریفک حادثے میں 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق چینی حکام نے حادثے میں ہلاک اور زخمی شہریوں کے بارے میں بتایا جب کہ مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی فوٹیج میں جلتے ہوئے ٹرک اور تباہ شدہ کاروں کو دکھایا گیا۔

مقامی ٹریفک پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتہ کی شام 10 منٹ کے دوران صوبہ ہنان میں ایک ہائی وے پر 50 کے قریب گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں جن میں سے کچھ گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے پیپلز ڈیلی پر آن لائن نشر کی جانے والی فوٹیج میں کئی جلتے ہوئے ٹرکوں کو دکھایا گیا، جلتے ہوئے ٹرکس پر ڈیلیوری کمپنیوں کے لوگو آویزاں تھے، فوٹیج میں تباہ شدہ الٹی پڑی کاریں اور حادثے کے باعث لگنے والی آگ سے اٹھتے دھوئیں کے سیاہ بادل بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے بتایا کہ متعدد گاڑیوں کے ٹکرانے سے 16 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک ہی تصادم میں 7 افراد بھی شامل تھے جب کہ حادثات میں 66 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ٹریفک پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں 8 نسبتاً شدید زخمی بھی شامل ہیں، تاہم زخمیوں کی اہم علامات فی الحال مستحکم ہیں۔

پیپلز ڈیلی نے رپورٹ کیا کہ یہ تصادم صوبائی دارالحکومت چانگشا میں پیش آیا اور 180 سے زائد امدادی کارکنوں کو ہفتے کے روز جائے حادثہ پر روانہ کیا گیا۔چینی ایمرجنسی مینجمنٹ منسٹری نے کہا کہ اس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

Back to top button