بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پشاور خود کش دھماکا، شہداء کی تعداد 32 ہو گئی

 پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی جب کہ 140 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ریسکیو کے مطابق پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ دھما کے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

ریسکیو کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے، سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو سیل کردیا۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے دھماکے میں اب تک 32 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 18 پولیس اہلکار شامل ہیں جب کہ دھماکے میں 140 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

انتظامیہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا  ہے کہ اسپتال میں خون کی اشد ضرورت ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کےمطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمیوں کو او نیگیٹو خون کی اشد ضرورت ہے لہٰذا او نیگیٹو خون والے حضرات جلد از جلد خون عطیہ کریں۔

Back to top button