بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

محسن نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ تعیناتی چیلنج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکریٹری جنرل محسن نقوی کے تقرر کے خلاف درخواست دائر کی۔

تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں محسن نقوی کو بطور نگران وزیر اعلی کام سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔پی ٹی آئی نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی ہے کہ محسن نقوی کا بطور نگران وزیر اعلیٰ تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پرویز الہیٰ اور پی ٹی آئی کی جانب سے یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے نامزد کردہ محسن رضا نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تعینات کرنے کے نوٹی فکیشن جاری کرنے کے فوری بعد کیا گیا تھا۔

عمران خان نے نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے پر تنقید کی تھی جب کہ اسد عمر نے کہا تھا کہ محسن نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ تعیناتی آئین کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے، تحریک انصاف اس فیصلے کو قانونی طور پر چیلنج بھی کرے گی اور اس کے خلاف عوامی سطح پر احتجاج بھی کیا جائے گا۔

Back to top button