بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ان کے جذبے بلند ہیں، اگر وسائل فراہم کیے جائیں تو ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، ہم نوجوانوں کو 5 سے 75 لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے۔’’پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو فراہم کیا جانے والا 5 لاکھ تک کا قرض بلاسود ہو گا، 5 سے 15 لاکھ تک 7 فیصد کی شرح کے حساب سے قرضے دیئے جائیں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ہمارے دور میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے، لیپ ٹاپ دیئےتو کہا گیا یہ سیاسی رشوت ہے، لیپ ٹاپ نہیں تو کیا ہاتھوں میں کلاشنکوف دیتا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اپنے وسائل سے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے تھے، نوجوانوں سے قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد تھی، کرونا کے دوران نوجوانوں نے لیپ ٹاپ کے ذریعے باعزت روزگار کمایا، نوجوانوں کو وسائل کی فراہمی کےعمل کو کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو اس کی قیمت ادا کرنا ہو گی، سب جانتے ہیں کہ انتہائی مشکل حالات میں ہم نے یہ ذمہ داری سنبھالی، تیل کی امپورٹ پر 27 ارب ڈالر خرچ ہو گئے، کچھ اقدامات کر کے ہم چند ارب ڈالر بچا سکتے تھے، ہماری حکومت نے توانائی بچت پروگرام کا فیصلہ کیا ہے۔

Back to top button