بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے کمانڈر امریکی ایئر فورس سینٹرل کمانڈ کی ملاقات

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے کمانڈر امریکی ایئر فورس سینٹرل کمانڈ نے ملاقات کی، اس دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائنتھ ایئر فورس (امریکی ایئر فورس سینٹرل کمانڈ) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل الیکسس گرینکیوچ نے آج سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاک فضائیہ کی جانب سے گزشتہ برسوں میں خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔

انہوں نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکی کمانڈر نے گزشتہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستان کی عوام سے دلی تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر ایئر چیف نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔

سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں تزویراتی شراکت داروں کے مابین پہلے سے موجود دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایئر چیف ظہیر احمد بابر نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

دونوں معززین نے تربیت اور آپریشنل شعبوں سمیت دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

Back to top button