بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

 منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور  آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع کردی۔وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کے وکیل نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے سوالنامےکا جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔

احتساب عدالت کے فاضل جج نے نیب کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ تفتیش کہاں تک پہنچی ہے؟ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ سلیمان شہباز کو سوالنامہ دے دیا ہے، انہوں نے جواب جمع کرانا ہے۔سلیمان شہباز کے وکیل نے نیب کے سوالنامےکا جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔

عدالت نے سلیمان شہبازکی عبوری ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک نیب کو بھی تفتیش مکمل کرنےکا حکم دے دیا۔اس سے قبل سلیمان شہباز  اسپیشل کورٹ سینٹرل لاہور  میں پیش ہوئے جہاں سلیمان شہباز کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ۔

سلیمان شہباز کے وکیل کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز گذشتہ روز شامل تفتش ہوگئے ہیں، عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ 15 دن کیا کرتے رہے؟ جس پر  پراسیکیوٹر نے جواب دیا بہت سی چیزیں ہیں ، تھوڑا وقت مل جائےتو بہترہوگا۔سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ اب دیکھنا ہےکہ منی لانڈرنگ کا جرم بنتا ہے یا نہیں۔

عدالت نے ایف آئی اے کو تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 15 دن کا وقت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا اور  سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت میں بھی 21 جنوری تک توسیع کردی۔

Back to top button