بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سعودی عرب نے بھی اسلام آباد میں اپنے شہریوں کو سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد میں سعودی عرب سفارت خانے کی جانب سے اپنے شہریوں کو سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر احتیاط برتیں اور نقل و حرکت محدود رکھیں۔

سعودی عرب کے سفارت خانے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان آنے والے اور یہاں موجود شہری احتیاط کریں اور ضرورت کے بغیر باہر نہ نکلیں۔

اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی اعلی سطح پر رکھی گئی ہے اور سعودی عرب کے شہری ضرورت پڑنے پر سفارت خانہ اور قونصل خانے سے رابطہ کریں۔

اس سے قبل امریکی سفارت خانے نے اپنے اسٹاف کو حملوں کے خدشے کے پیش نظر میریٹ ہوٹل جانے سے روک دیا تھا اور اسی طرح دیگر چند سفارت خانوں کی جانب سے بھی اپنے اسٹاف کو شہریوں کو اسلام آباد میں کچھ عرصے کے لیے خاص طور پر یکم جنوری تک اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی تھی۔

امریکی سفارت خانے نے اپنے عملے کو تقریبات، عبادت گاہوں اور زیادہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

Back to top button