نہیں چاہتے پاکستان ٹیکنالوجی کی عالمی دوڑ سے باہر ہو، امین الحق
وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا ہے کہ فائیو جی کو بزنس فرینڈلی بنانے کے لیے حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، ابتدائی طور پر بڑے شہروں کے مخصوص پوائنٹس پر فائیو جی کی آزمائشی کوریج شروع کی جائے گی۔امین الحق سے اتصالات انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر امین الحق نے کہا کہ پہلی ترجیح ملک بھر میں فور جی ٹیکنالوجی کا دائرہ کار وسیع کرنا ہے، ٹیکنالوجی کا مستقبل فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی تمام موبائل کمپنیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، ٹیلی کام کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی پاکستان لانے کے لیے کردار ادا کریں۔وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا ہے کہ نہیں چاہتے پاکستان ٹیکنالوجی کی عالمی دوڑ سے باہر ہو، کمپنیاں اپنی تیاریاں کریں۔
اتصالات وفد نے پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن سے متعلق وفاقی وزیر کے اقدامات کو سراہا۔اتصالات انٹرنیشنل کے سی ای او میخائل گرچک نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔