مکہ مکرمہ اور جدہ میں بارش سے سیلابی صورتحال، دو افراد جاں بحق، ہنگامی حالت نافذ
مکہ مکرمہ اور جدہ سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی تیز بارش سے سڑکوں پر سیلابی صورت حال ہے۔بارش کے باعث ٹریفک جام ہوگیا، پانی مارکیٹوں میں بھی داخل ہوگیا، سعودی حکام کی جانب سے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنےکی اپیل کی گئی ہے۔
مکہ مکرمہ میں تیز بارش کے باعث ہنگامی حالت کا نفاذ کیا گیا ہے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے متعدد انڈر پاس احتیاطی تدابیرکے طور پر بند کر دیےگئے ہیں، مکہ مکرمہ کی ضلعی حکومت کے مطابق بارش سے مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب جدہ میں بارش کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوا ہے اور بعض پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، شدید بارش اور تیز ہوا کے باعث متعدد پروازیں ملتوی کردی گئی ہیں۔
جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ائیرپورٹ نےکہا ہےکہ مسافر ائیرپورٹ آنے سے قبل ائیرلائن انتظامیہ سے رابطہ کرلیں، وزارت حج و عمرہ نے بھی زائرین سےکہا ہےکہ وہ ائیرپورٹ جانے سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال کے بارے میں ائیر لائنز سے رابطہ کریں۔
مکہ جدہ ہائی وے جسے حرمین ہائی وے بھی کہا جاتا ہےکو بارش کا پانی جمع ہونے کی اطلاعات کے بعد بندکر دیا گیا۔
موسلا دھار بارش کے باعث جدہ میں آج اسکول اور جامعات بند رہیں اور طے شدہ امتحانات ملتوی کردیے گئے۔
سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق جد میں صبح 8 سےدوپہر 2 بجے تک 179٫6 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی، جدہ میں سال 2009 میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
سعودی محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہےکہ بارش کا سلسلہ جمعے تک جاری رہ سکتا ہے۔
خیال رہےکہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر سعودی عرب کی تمام مساجد میں 17 نومبرکو نماز استسقاء کرائی گئی تھی۔