بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

یوم اقبال پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان

وفاقی حکومت نے ’یوم اقبال‘ پر کل ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق حکیم الامت، علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کی مناسبت سے عام تعطیل کی منظوری دی۔

وزیر اعظم دفتر سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے 9 نومبر کو ’یومِ اقبال‘ کے موقع پر ملک بھی میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب سے وزیراعظم نے علامہ اقبال کی شخصیت کے حوالے سے تفصیلی پروگراموں کی تیاری کے لئے سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

سرکاری خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے برصغیر کے عظیم شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی زندگی، کام اور فلسفہ کو اجاگر کرنے اور شاعر مشرق کے حوالے سے ماہ نومبر میں تفصیلی پروگراموں کی تیاری کے لئے سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق کمیٹی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شخصیت کے حوالے سے مختلف پروگراموں کو حتمی شکل دے گی۔

کمیٹی کی قیادت سینیٹر عرفان صدیقی کریں گے جب کہ دیگر ارکان میں رکن قومی اسمبلی نثار احمد چیمہ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ، سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن سمیت ملک بھر کے نامور اساتذہ اور دانشور شامل ہیں۔

کمیٹی اس حوالے سے اپنا کام 3 روز میں مکمل کرے گی، محکمہ قومی ورثہ و ثقافتی ڈویژن کمیٹی کو معاونت فراہم کرے گا جب کہ اقبال اکیڈمی کے وسائل، مہارت اور مقام سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

حکیم الامت شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146 واں یوم پیدائش کل ملی جوش وجذبہ کیساتھ منایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہر سال 9 نومبر کو پورے پاکستان میں شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کو یوم اقبال کے طور پر منایا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ سابق دور حکومت میں یوم اقبال کے موقع پر عام تعطیل ختم کردی گئی تھی جسے کئی برسوں کے بعد رواں سال بحال کیا گیا ہے۔

Back to top button