بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

اسوہ کامل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مکمل عمل پیرا ہوکر ہی ہم فلاح دارین حاصل کر سکتے ہیں ، ام فروا ھمدانی

ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم خوشاب کی مینجر میڈم ام فروا ھمدانی نے کہا ہے کہ اسوہ کامل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مکمل عمل پیرا ہوکر ہی ہم فلاح دارین حاصل کر سکتے ہیں ۔ وہ ادارہ ہذا میں ہفتہ ء شان رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے منعقدہ محفل میلاد مصطفی ا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فخر موجودات، باعث تخلیق کائنات ،سیدنا حضرت محمد مصطفی احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے دنیا سے کفر و شرک کے گھٹا ٹوپ اندھیرے چھٹ گئے اور بہترین اسلامی معاشرے کا وجود عمل میں آیا ۔ مینیجر ڈی آئ ایچ نے کہا کہ سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہر ہر پہلو ہمارے لئے سرچشمہ ء رشدوہدایت ہے اس پر مکمل عمل پیرا ہو کر ہم دین و دنیا کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔ میڈم ام فروا ہمدانی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول خیروبرکت کے نزول کا ماہ مبارک ہے اس میں زیادہ سے زیادہ سیدنا حضرت محمد مصطفی ا احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام بھیجنا چاہیے ۔ انہوں نے سٹوڈنٹس پر زور دیا کہ اپنی زندگیوں کو قرآن وسنت کی سنہری تعلیمات کا آئینہ دار بنائیں۔ انشاء اللہ کامیابی و کامرانی آپ کے قدم چومے گی۔ محفل میلاد مصطفی ا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں قرآن خوانی اور نعت خوانی کی گئی ۔ آخر میں ملک و قوم اور عالم اسلام کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی مانگی گئ۔

Back to top button