آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ایک ہی دن تمام اضلاع میں ستمبر 2022 کے وسط تک ہوں گے
براہ راست انتخاب کے لیے آئندہ چند روز میں باقاعدہ انتخابی شیڈول جاری کر دیا جائے۔ جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا
آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ایک ہی دن تمام اضلاع میں ستمبر 2022 کے وسط تک ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا، نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ ستمبر 2022 کے وسط تک لوکل کونسلز کے ممبران کے براہ راست انتخابات کا عمل مکمل کر لیا جائے۔ تاہم حکومتی مشاورت کے بعد لوکل کونسلز کے براہ راست انتخاب کے لیے آئندہ چند روز میں باقاعدہ انتخابی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ تاکہ معزز عدالت العظمی کے فیصلہ کی روشنی میں 15 اکتو بر سے قبل بلدیاتی انتخابات کا جملہ عمل مکمل کیا جاسکے۔
چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا، نے سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز اور ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقادکے لیے حسب رضامندی چیف جسٹس عدالت العالیہ آزادجموں وکشمیر جوڈیشل افسران کو بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ریٹرننگ آفیسر جبکہ محکمہ مال کے تحصیلدار /نائب تحصیلدار کو بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کردیا گیا ہے۔
پولنگ سکیم کی تیاری کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ریٹرننگ افسران نے مسودہ ابتدائی پولنگ سکیم تیاری کرتے ہوئے عوام الناس کے ملاحظہ کے لیے شائع کر دیا ہے۔ اگر کسی شخص کو پولنگ سکیم کے خلاف کوئی اعتراض ہو تو اعتراض /اپیل دائر کر سکتا ہے جس پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر 31 جولائی 2022 تک سماعت و فیصلہ جات کرے گا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمیشن کے روبرو مورخہ یکم اگست2022 تا 10 اگست 2022 تک اپیل دائر کی جاسکتی ہے۔ جس کی سماعت و فیصلہ جات بھی اسی دورانیہ میں کیے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرا ور الیکشن کمیشن کے فیصلہ جات کے مطابق ریٹرننگ آفیسر ز مورخہ 11 اگست تا12اگست2022 تک حتمی پولنگ سکیم تیار کرتے ہوئے مورخہ 15 اگست 2022کو حتمی پولنگ سکیم شائع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ میٹریل کی خریداری کے لیے تحت ضابطہ ورک آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی رائے تھی کہ حفاظتی نقطہ نگاہ کے پیش نظر ہر سہ ڈویژن میں الگ الگ تاریخوں میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں لیکن معز ز عدالت العظمی نے حکم صادر فرمایا ہے کہ ایک ہی تاریخ پر پورے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جائیں۔ چنانچہ معزز عدالت العظمی کے فیصلہ کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق لوکل کونسلز کے ممبران کے براہ راست انتخاب کے لیے تاریخ مقرر کرنے کی خاطر مشاور ت کے لیے حکومت سے تحریک کر دی ہے۔