بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بیان کو مسترد کردیا

پاکستان نے بھارت کے وزیردفاع کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے غیر ضروری اور مکمل طور پر ناقابل قبول تبصرے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اس بیان کی مذمت کردی۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر دفاع نے اپنے بیان میں جموں و کشمیر کے تنازع کے بارے میں مصدقہ تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، بے بنیاد الزامات لگائے اور پاکستان کودھمکیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی سینئر بھارتی سیاست دان نے بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کی جائز، مقامی اور منصفانہ جدوجہد آزادی پر تنقید کرنے کی کوشش کی ہو لیکن بھارت کے سیاسی رہنما بھارتی غیرقانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔

ترجمان عاصم افتخار نے بھارت کو خود کا جائزہ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سخت قوانین نافذ کرنے، پوری وادی کو دہائیوں تک فوجی محاصرے میں رکھنے، ہزاروں بے گناہ کشمیریوں اور ان کے حقیقی نمائندوں کو جیلوں میں ڈالنے اور ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بے دریغ قتل کرنے کے باوجود بھارت کیوں کشمیریوں کے دل سے آزادی کی شمع نہیں بجھا سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو تاریخ یاد کرنے کی ضرورت ہے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے جو اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے۔

مزید پڑھیے  10 دسمبر سے الیکشن مہم شروع کررہا ہوں، اللہ مجھے دونوں سیٹیں جتوائے گا، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے ان کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ہر ممکن تعاون کریں گے، پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیر کے عوام پر جاری مظالم اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں سے روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کا حامی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ہم کسی بھی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور ہم نے ماضی قریب سمیت متعدد مواقع پر اس سلسلے میں اپنے عزم اور صلاحیت کا عملی مظاہرہ بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے زیر قبضہ جموں میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں سے کہا کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انتخابات کے لیے تیار ہو جائیں۔

Back to top button