بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان امریکا کا تعلقات میں مزید وسعت کیلئے باہمی عزم کا اعادہ

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران پاک-امریکا تعلقات میں مزید وسعت کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ییان میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو نے سینیئر امریکی عہدیدار کو کہا کہ انہیں اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے تواتر سے ہونے کی امید ہے۔

انہوں نے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر پاک-امریکا تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔

بلاول بھٹو نے بھی انٹونی بلنکن سے گفتگو کے بارے میں ٹوئٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر تجارت، توانائی، صحت، سلامتی اور اقتصادی ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہمیں عوامی اور کاروبار رابطوں کو لازمی طور پر بڑھانا ہے۔

یاد رہے کہ 18 مئی کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے بالمشافہ ملاقات کی تھی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ ہم امریکا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں، ہماری خصوصی توجہ علاقائی سلامتی پر مرکوز ہوگی۔

Back to top button