مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا G-20 اجلاس منعقد کرانے کا بھارتی منصوبہ،چین کی مخالفت
چین نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں G-20 اجلاس کے انعقاد کے بھارت کے منصوبے کی مخالفت کی ہے اور گروپ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقتصادی بحالی پر توجہ مرکوز کریں اور متعلقہ مسئلے کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کریں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے بیجنگ میں اپنی باقاعدہ بریفنگ کے دوران کہا کہ کشمیر پر چین کا موقف مستقل اور واضح ہے۔ یہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے۔ اسے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدے کے مطابق مناسب طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ متعلقہ فریقوں کو یکطرفہ اقدام سے صورتحال کو پیچیدہ بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔
پاکستان پہلے ہی مقبوضہ جموں و کشمیر میں G-20 اجلاس منعقد کرنے کی بھارت کی کوشش کو یکسر مسترد کر چکا ہے اور اس بات کا اعادہ کر چکا ہے کہ یہ خطہ نئی دہلی کے زبردستی اور غیر قانونی قبضے میں ہے۔