بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی آئی اے کا لاہور سے بھی ملائیشیا کے لیے پروازوں کا سلسلہ بحال

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد کے بعد اب لاہور سے بھی ملائیشیا کے لیے پروازوں کا سلسلہ بحال کردیا۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کی پابندیوں کے بعد آج صبح پہلی پرواز لاہور سے کوالالمپور کے لئے روانہ ہوئی، ایک سادہ سی تقریب میں لاہور ایئرپورٹ پر کیک کاٹا گیا اور مسافروں کو پھول پیش کیے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے اسلام آباد سے کوالالمپور کے لئے ہفتہ وار 2 پروازیں پہلے ہی چلا رہی ہیں، وزیر ہوا بازی سعد رفیق کی خصوصی ہدایات پر قومی ایئر لائن اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے موقعے پر سیاحتی مقامات کی پروازوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، لاہور سے اب براہ راست اندرون ملک و بیرون ملک سیاحتی مقامات تک رسائی فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سے گلگت اور اسکردو کی پروازیں بھی آپریٹ کی جارہی ہیں اور اب باکو اور کوالالمپور کی پروازیں بھی لگا دی گئی ہیں۔

سعد رفیق کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان پروازوں کا مقصد لوگوں کو اپنی قومی ایئر لائن کے ذریعے براہ راست اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرنا ہے۔

Back to top button