بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی کے کسی رکن کے استعفے کا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے کسی رکن کے استعفے کا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الیکشن کمیشن کو لکھے خط پر غور کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خط میں عمران خان نے کہا کہ پارٹی نے قومی اسمبلی کی تمام نشستوں سے استعفے دے دیے ہیں، اور اب قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی کوئی نمائندگی نہیں ہے جبکہ منحرف ارکان کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کیس بھیج دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے کسی رکن کے استعفے کا نوٹیفکیشن نہیں ملا، استعفوں کا کیس موصول ہوتےہی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اراکین اسمبلی کے خلاف آرٹیکل 63 اے کا ڈیکلیریشن اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی نے بھیج دیاہے، ایسے ارکان قومی اسمبلی کو 28 اپریل کیلئے نوٹس جاری کر دیے ہیں جبکہ ممبران صوبائی اسمبلی کو 6 مئی کیلئے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف کو بھی نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے 100 سے زائد ارکان قومی اسمبلی نے استعفے دیے تھے جو سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے تاہم نئے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے استعفوں کو ڈی سیل کیا تھا۔

Back to top button