بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے،شیخ رشید

 وفاقی وزیر  داخلہ  شیخ رشید کا  کہناہےکہ پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں لیکن خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے۔

لاہور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج کے بعد آپ اچھی خبریں سنیں گے، امید ہے حالات روز بہتری کی طرف جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کے ابھی دودھ کے دانت بھی نہیں ٹوٹے ہیں، اپوزیشن اپنے بچھائے جال میں خود پھنس چکی ہے، 25 مارچ کے بعد صرف دعائے خیر ہوگی جب کہ (ن) لیگ کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ لانگ مارچ کا شیڈول فراہم کرے، ابھی تک جلسے کی اجازت کے حوالے سے کوئی درخواست نہیں ملی، کل کوئی شرارت ہوجائے تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہوگی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس خام خیالی میں نہ رہے کہ ان کے پاس ہی ہمارے لوگ ہیں، اپوزیشن کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے پاس بھی ان کے لوگ موجود ہیں جب کہ جو ذمہ دار ہیں وہ عدم اعتماد کے حق میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔

پنجاب میں سیاسی جوڑ توڑ پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے وہ بھی میری طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں  نے مزید  کہا کہ کہاں گئے وہ لوگ جولندن سے بیٹھ کر فوج کو گالیاں دیتے تھے،ادارے کبھی نہیں بھولتے، اعلیٰ عدلیہ دوراندیش اور صاحب علم ہے جب کہ افواج پاکستان عظیم فوج ہے اور اسٹیبلشمنٹ بھی پاکستان کےساتھ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایمرجنسی کا حامی تھا لیکن بات اس سے بہت آگے نکل چکی ہے اسی لیے عمران خان نے میری تجویزمسترد کردی۔

شیخ رشید  نے کہا کہ مہنگائی ہمیں ڈس چکی تھی لیکن اپوزیشن نے عمران خان کو دوبارہ زندہ کردیا ہے، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور27 مارچ کوتاریخی جلسہ کریں گے۔

وزیر  داخلہ  کا کہنا تھاکہ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کردی ہےکہ سوشل میڈیا پر عدلیہ اور فوج مخالف مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔

Back to top button