غریب اور نادار طبقوں کومالی،قانونی اوردوسری امدادکی فراہمی کیلئے لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی قائم
سینٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کے زیرصدارت منگل کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں پھر شروع ہوا ۔اجلاس کے آغاز پرچیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہاکہ ایوان میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے جمعہ کو صرف کشمیر کے تنازع پربحث کی جائے گی۔صادق سنجرانی نے کہاکہ آزادکشمیر کے وزیراعظم کی درخواست پرایوان کا ایک اجلاس مظفرآباد میں بھی ہوگا انہوں نے کہاکہ سفیروں اورانسانی حقوق کے نمائندوں کو بھی اجلاس میں مدعو کیاجائے گا۔اس سے پہلے قائدایوان شہزاد وسیم نے کہاکہ پوری قوم عالمی برادری کو یہ پیغام دینے کیلئے پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر بنارہی ہے کہ پاکستان حق خودارادیت کی قانونی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے پیچھے مضبوطی سے کھڑا ہے ۔
سینٹ کوبتایاگیا کہ معاشرے کے غریب اورنادار طبقوں کو مالی ، قانونی اور دوسری امداد کی راہمی کیلئے لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی قائم کی گئی ہے ۔
وقفہ سوالات کے دوران انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت بلامعاوضہ خدمات انجام دینے والے وکلا کے ذریعے مدد فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اتھارٹی کے مالیات اور فنڈز سے متعلق قوانین منظوری کیلئے خزانہ ڈویژن کو بھیج دئیے گئے ہیں ۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے ایوان کو بتایا کہ اس سال مئی سے بجلی کی خریداری اورفروخت کا کثیرالجہتی نظام شروع ہوگا اور صارفین مسابقتی بنیادں پر کسی بھی بجلی پیدا کرنے والے ادارے سے بجلی خرید سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نیپرا قوانین کے تحت شمسی توانائی کی بنیاد پر نیٹ میٹرنگ کی تنصیب کو بھی فروغ دے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین سال سے زائد عرصے میں تین سومیگاواٹ کی نیٹ میٹرنگ کی گئی ہے۔ ایک نکتہ اعتراض پر تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے عوامی فلاح وبہبود میں ملک کی ترقی کے ضامن نظام کی ضرورت پر زوردیا ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جدوجہد کی انہوں نے کہاکہ ملک کودرست سمت کی جانب گامزن کردیاگیا۔ایوان کا اجلاس اب جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے پھر ہوگا