بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کی بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں چھ کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت

عالمی برادری بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے،ترجمان دفتر خارجہ


پاکستان نے گزشتہ دو روز میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں چھ نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔

ترجمان دفترخارجہ نے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں اور محاصرے اورتلاشی کی نام نہاد کاروائیوں سمیت مظالم کی بڑھتی ہوئی لہر میں رواں ماہ کم سے کم چوبیس کشمیری شہید کئے جاچکے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ عالمی برادری بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور بھارت کا احتساب کرے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم ڈھارہا ہے اور اسے انسانیت سوز جرائم کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ یہ امر انتہائی اہمیت کاحامل ہے کہ متعلقہ عالمی، اقوام متحدہ اوراسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کے ادارے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں کے واقعات کی جامع تحقیقات کریں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے مشترکہ مظالم کو بے نقاب کرتارہے گا کیونکہ ہم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میںان کا ساتھ دینے کیلئے پرعزم ہیں اوران کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔

Back to top button