بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

صحت مند بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کر کے ہم انہیں صحتمند اور توانا بنا سکتے ہیں۔ راجہ یاسر ہمایوں سرفراز

صحت مند بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کر کے ہم انہیں صحتمند اور توانا بنا سکتے ہیں۔ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے بچوں کی صحت اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے حکومت پرائیویٹ سیکٹر دونوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے بچوں کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرہائیرایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے ایک مقامی ہوٹل میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن، یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز اور فریز لینڈ کیمپینا کے اشتراک سے منعقدہ ”سکول جانے والے بچوں کے لئے دودھ پروگرام” کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیرراجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک ہم اپنی آنے والی نسلوں کو صحت مند نہ بنائیں۔ کیونکہ ایک صحتمند نسل ہی ملک و قوم کی تعمیروترقی میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں کی نشوونما کے لئے متوازن غذا بہت ضروری ہے بالخصوص دودھ ایک مکمل غذا ہے جو بچوں کی نشوونما اور بڑھوتری کے لئے نہایت ضروری ہے۔ اسی لئے حکومت نے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر سکول جانے والے بچوں کے لئے دودھ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لئے شیخوپورہ اور اٹک کے 89 پرائمری سکولوں میں بچوں کو روزانہ مفت دودھ فراہم کیا جائے گا تاکہ ان بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اس منصوبے سے نہ صرف بچوں کی تعلیمی صلاحیت بہتر ہو گی بلکہ سکولوں میں داخلے کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اس اہم منصوبے کی افادیت اور بچوں میں غذائی کمی کے نقصانات بارے آگاہی کے لئے میڈیا کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس اہم مسئلے پر عوام میں شعور کو اجاگر کیا جا سکے۔

مزید پڑھیے  راولپنڈی میں ایک روز میں اشیا خورونوش کی قیمتوں میں 20 فیصد تک اضافہ

  افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، محکمہ صحت ، ایجوکیشن اور لائیوسٹاک کے افسران کے علاوہ سرکاری و نجی اداروں کے سربراہان اور طلباوطالبات کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز اور فریزلینڈ کیمپینا کے مابین باہمی تعاون بارے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔

Back to top button