اومی کرون کیوں خطرناک ہے؟
کہا جارہا ہے کہ یہ اس سے قبل سامنے آنے والے کورونا وائرس ویرینٹ کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے کیوں کہ اس میں تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت ہے اور ویکسین کا اثر بھی اس پر کم ہوگا۔
جنوبی افریقا کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے ویرینٹ میں اتنی زیادہ تبدیلیاں ہیں کہ اس کی توقع سائنسدانوں کو نہیں تھی۔ اس ویرینٹ میں ابتدائی کورونا وائرس کے مقابلے میں تقریباً 50 تبدیلیاں ہیں جن میں سے 30 تبدیلیاں اسپائیک پروٹین میں ہیں۔
اب تک بنائی جانے والی ویکسینز وائرس کے اسپائیک پروٹین پر ہی حملہ کررہی تھیں تاکہ وائرس کو انسانی خلیوں میں داخل ہونے سے پہلے ہی تباہ کیا جاسکے۔ اسپائیک پروٹین میں اتنی زیادہ تبدیلیوں کی وجہ سے دستیاب ویکسینز کا اس وائرس پر اثر 40 فیصد تک کم ہوجائے گا۔
مزید باریکی سے دیکھیں تو اس ویرینٹ کے Receptor Binding Domain حصے (وائرس کا وہ حصہ جو سب سے پہلے انسانی خلیے سے منسلک ہوتا ہے) میں 10 تبدیلیاں ہوچکی ہیں جبکہ بھارت اور دنیا کے دیگر ممالک میں تباہی مچانے والے ڈیلٹا ویرینٹ میں اوریجنل کورونا وائرس کے مقابلے میں صرف 2 تبدیلیاں تھیں۔