بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹوور ڈی وزیرستان سائیکل ریس علی الیاس نے جیت لی

ڈیرہ اسماعیل خان سے جنوبی وزیرستان تک منعقد ہونے والی پہلی کمشنر ٹوور ڈی وزیرستان سائیکل ریس کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ سائیکل ریس میں پہلی پوزیشن بائیکستان سائیکلنگ اکیڈمی کے علی الیاس جبکہ ٹیم میں بلوچستان کی ٹیم پہلی پوزیشن لینے میں کامیاب ہوئی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عامر لطیف تھے۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان خالد خٹک، خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کے عہدیداران،صدر خیبرپختونخواسائیکلنگ ایسوسی ایشن نثاراحمد،جنرل سیکرٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن معظم خان، پاک فوج اور ایف سی جنوبی وزیرستان کے عہدیداران، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرساؤتھ وزیرستان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان،خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن،پاک فوج اور ایف سی جنوبی وزیرستان کے باہمی اشتراک سے منعقدہ پہلی کمشنر ٹوور ڈی وزیرستان سائیکل گومل زام ڈیم سے شروع ہو کر وانہ جنوبی وزیرستان کے مقام پر مکمل ہو گئی۔ بائیکستان سائیکلنگ اکیڈمی کراچی کے علی الیاس نے 55 کلومیٹر کا ٹریک 1گھنٹہ35 منٹ اور 59 سیکنڈ میں مکمل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بلوچستان کے عبدالواحد نے مقررہ ٹریک 1 گھنٹہ 36 منٹ اور02 سیکنڈکیساتھ مکمل کرکے دوسری جبکہ سندھ کے حاشر نے ٹریک ایک گھنٹہ 39 منٹ میں مکمل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم پوزیشن میں بلوچستان نے پہلی، خیبرپختونخوا گرین نے دوسری جبکہ سندھ کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ سے شروع ہونے والی ریس کامیابی سے وانہ وزیرستان میں اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ ریس ہر سال منعقد کرائینگے ہماری کوشش ہو گی کہ اگلے سال ریس میں جنوبی اور شمالی وزیرستان کے دیگر علاقوں کو بھی شامل کیا جائے اور تین سٹیج کی بجائے 5سٹیج پر ریس کا انعقاد کیا جائے۔

ریس میں وزیرستان،ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی عوام نے بہترین انداز میں نہ صرف مہمان نوازی کی بلکہ راستے پر جگہ جگہ پاکستان بھر سے آئے ہوئے مہمانوں کو داد بھی دیتے رہے۔ اختتامی تقریب کے موقع پر روایتی گھوڑا رقص، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے، مقامی سکول کے بچوں کی جانب سے ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔اس سے قبل ریس کے دوسرے سٹیج جو کہ ٹانک سے گومل زام ڈیم تک منعقد ہوئی تھی اس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان سائیکلسٹ عبدالواحد نے ٹریک 2گھنٹے9 منٹ اور 11 سیکنڈ میں عبور کرکے پہلی پوزیشن حاصل جبکہ بائیکستان اکیڈمی کراچی کے علی الیاس نے مقررہ ٹریک 2 گھنٹے 9 منٹ اور40 سیکنڈ کیساتھ عبور کیا۔ سندھ کے حاشر نے مقررہ ٹریک 2گھنٹے 11منٹ اور 3 سیکنڈ میں ٹریک مکمل کیا۔ریس میں سندھ، بلوچستان، پنجاب، بائیکستان سائیکل اکیڈمی کراچی، اسلام آباد، خیبرپختونخوا گرین اور کے پی بلیو سمیت 7یونٹس کے 50 کے قریب سائیکلسٹ شریک تھے۔

اشتہار
Back to top button