بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو دھوکا دیا،سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی  حکومت پاکستان کو 30 سال پیچھے لےگئی ہے۔

اسلام آباد میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ روز نئی ویڈیو لیکس دیکھتے ہیں، عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو دھوکا دیا، چینی مافیا، گندم مافیا اور پیٹرول مافیا نے اربوں روپے عوام سے بٹورے۔

 سراج الحق کا کہنا تھا کہ 2023 میں عوام عمران خان کو آئینہ دکھائیں گے، نوجوان عمران خان کو  اقتدار  میں لائے وہ ہی بھگائیں گے، نوجوانوں کا سمندر اب وزیراعظم ہاؤس کا رخ کرنےکو تیار ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو عوام پر مسلط کیا گیا، ظالموں اور لٹیروں کو حکومت سے رخصت کرنےکی ضرورت ہے، پارلیمنٹ میں 74 سالوں سے نوجوانوں کی نمائندگی نہیں، عمران خان ایک دفتر نہیں چلا سکے، ملک کیا چلائیں گے۔

 ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب نے ملکی اداروں کو تباہ کیا، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، اس حکومت میں آٹے کی قیمت میں 80 فیصد اور ادویات کی قیمتوں میں 12 بار  اضافہ ہوا ، سعودی عرب سے 4 ارب ڈالر خیرات ملی، پتہ چلا کہ یہ خیرات بھی سود پر ملی ہے ۔

Back to top button