بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

بنگلہ دیش میں قومی پرچم لگا کر نیٹ پریکٹس کرنے پر تنازع کھڑا ہو گیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم، جو اس وقت بنگلا دیش کے دورے پر ہے، قومی ٹیم نے بدھ کو ڈھاکا میں اپنے پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی پرچم لگا کر پریکٹس کی جس کے بعد بنگلا دیشی شائقین نے ایک بڑا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے قومی پرچم لگاکر پریکٹس کرنے کے اقدام سے بنگلا دیشی شائقین ناراض ہوگئے ہیں اور وہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے سخت ایکشن لینے اور سیریز منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

بنگلا دیشی شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے میرپور گراؤنڈ میں اپنا قومی پرچم لہرا کر پروٹوکول توڑ دیا۔

بنگلا دیشی شائقین کا خیال ہے کہ پاکستان نے سیاسی پیغام دینے کے لیے جان بوجھ کر اپنا قومی پرچم لہرایا۔

سوشل میڈیا پر بنگلا دیشی شائقین کی جانب سے نفرت انگیز پیغامات جاری کیے جارہے ہیں۔

ایک بنگلا دیشی صارف نے کہا کہ ’مختلف ممالک کئی بار بنگلا دیش آ چکے ہیں، پریکٹس کر کے کئی میچ کھیلے ہیں اور کسی نے بھی کبھی پریکٹس کے دوران اپنا پرچم نہیں لگایا لیکن پاکستان نے ایسا کیوں کیا؟ یہ کیا اشارہ کرتا ہے؟‘

ایک اور صارف نے نفرت انگیز پیغام جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’پاکستان واپس جاؤ، بنگلا دیش کو سیریز روکنی چاہیے، بنگلا دیش میں کسی بھی قسم کے پاکستانی پرچم پر پابندی عائد کی جائے۔‘

بنگلا دیشی شائقین نے کہا کہ ’میرپور گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی ٹیم اپنا قومی پرچم لہرا رہی ہے، بنگلا دیش سے معافی مانگیں ورنہ سیریز منسوخ کی جائے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کل ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دیگر 2 ٹی ٹوئنٹی میچز 20 اور 22 نومبر کو شیڈول ہیں۔

Back to top button