
خلیجی خطے میں حالیہ کشیدگی پر وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ تشویش
وزیراعظم شہباز شریف نے خلیجی خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایک مخلص اور غیرجانبدار ثالث و سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے رواں ماہ تہران کے اپنے دورے کا بھی ذکر کیا، جہاں انہوں نے ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار بھی کیا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم کی جانب سے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور ایرانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان آئے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کاوشوں کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) طے پائی۔
انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے تہران کے دورے پر بھی شکریہ ادا کیا۔















