جاپان میں بیٹمین کا روپ دھارے شخص کے چاقو حملے،17زخمی
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں انگلش فلموں میں سپر ہیرو کے کردار میں نظر آنے والے ’بیٹمین‘ کا روپ دھارے شخص نے چاقو سے حملہ کر کے 17 افراد کو زخمی کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹوکیو میں ٹرین لائن پر بیٹمین کا لباس پہنے شخص نے متعدد افراد پر چاقو سے اس وقت حملہ کیا جب وہ ہالووین پارٹی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق 24 سالہ شخص کے حملے میں 17 افراد زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور نے لوگوں پر تیز دھار آلے سے وار کرنے کے بعد ایک آتش گیر مادہ پھینک کر آگ بھی لگائی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ میں سمجھا کہ یہ ہالووین کا کوئی اسٹنٹ ہو رہا ہے لیکن تھوڑی دیر بعد دیکھا تو بیٹمین کا لباس پہنے ایک شخص آگے بڑھ رہا تھا جس کے ہاتھ میں خون آلود چاقو بھی تھا۔
پولیس حکام نے حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابتدائی طور پر حملے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔