تمام شہریوں کو ویکسینیشن کروانے کے لیے نئی ڈیڈ لائن
30 ستمبر کے بعد اسکول اور ٹرانسپورٹیشن میں مکمل ویکسینیشن کے بغیر کام نہیں کیا جا سکے گا،اسد عمر
حکومت کی جانب سے ملک بھر میں تمام شہریوں کو کورونا وائرس کی ویکسینیشن کروانے کے لیے 30 ستمبر کی نئی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لیے ملکی سطح پر بنائی گئی خصوصی ٹیم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات بتائی ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ 30 ستمبر کے بعد اسکول اور ٹرانسپورٹیشن میں مکمل ویکسینیشن کے بغیر کام نہیں کیا جا سکے گا، 30 ستمبر کے بعد مکمل ویکسینیشن نہ ہونے پر ہوائی سفر نہیں ہو سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 30 ستمبر کے بعد سے بغیر مکمل ویکسینیشن کے نہ کوئی ملک میں آ سکے گا نہ جا سکے گا، شاپنگ مالز، ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز میں بھی 30 اگست اور 30 ستمبر تک کی پابندیاں لاگو ہوں گی۔
سربراہ این سی او سی نے بتایا کہ شادی کی تقریبات میں بھی 30 ستمبر کے بعد بغیر مکمل ویکسینیشن نہیں جایا جا سکے گا، 17 سال اور زیادہ عمر کے طلبہ کے لیے 15 ستمبر تک ویکسین کا کم سے کم ایک ڈوز لگانا لازمی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 15 اکتوبر کے بعد بغیر مکمل ویکسی نیشن کے تعلیمی اداروں میں داخلہ بند ہو گا، پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی 15 اکتوبر کے بعد بغیر مکمل ویکسینیشن سفر نہیں کیا جا سکے گا۔
اسد عمر نے یہ بھی بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں 15 ستمبر کے بعد بغیر ویکسینیشن کے داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، موٹر ویز اور ہائی ویز پر بھی 15 ستمبر سے پہلی ڈوز اور 15 اکتوبر کے بعد دونوں ڈوزز کی پابندی ہو گی۔