بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

وزیراعظم کا رمیز راجہ کو نیا چیئرمین کرکٹ بورڈ بنانے کا عندیہ

وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو اگلے 3 سال کیلئے توسیع نہ دینے سے آگاہ کر دیا ہے

وزیراعظم عمران خان نے سابق قومی کرکٹر رمیز راجہ کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سابق کرکٹر رمیز راجہ کی ملاقات ختم ہوگئی، وزیراعظم نے رمیز راجہ کو نئے چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دے دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو اگلے 3 سال کیلئے توسیع نہ دینے سے آگاہ کر دیا ہے ۔کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان رمیز راجہ کا نام بطور ممبر بورڈ آف گورنرز کو بھجوائیں گے۔ اس سے قبل نئے چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کے معاملے پر پیش رفت سامنے آئی تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین بننے کے امیدوار رمیز راجہ وزیر اعظم ہاس پہنچے تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اگلے 3 سال کیلئے پی سی بی کے معاملات رمیز راجا کے سپرد کرنے پر گفتگو ہوئی۔یاد رہے کہ 59 سالہ رمیز راجہ پاکستان کی جانب سے 57 ٹیسٹ اور 198 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں۔ رمیز راجہ کو ان کے بالوں کے سٹائل کی وجہ سے ریمبو بھی کہا جاتا ہے۔ سابق کپتان انٹرنیشنل و ڈومسٹک کرکٹ میں کمنٹری کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور انہیں کرکٹ کا راجہ بھی کہا جاتا ہے۔ رمیز راجہ 1992 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم بھی حصہ تھے، اور انہوں نے ہی ورلڈ کپ فائنل میں تاریخی کیچ پکڑا تھا۔ اس کے علاوہ سابق کپتان کو فلم سازی کا بھی شوق ہے، انہوں نے بھارتی فلم تور باز میں بطور کریٹیو ڈائریکٹر خدمات سرانجام دی تھیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی مدت ملازت 28 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ انہیں 2018 میں چیئرمین پی سی بی تعینات کیا گیا تھا۔

Back to top button