بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

لاہور دھماکے میں استعمال ہونے والی کار کا مالک گرفتار

مشتبہ شخص کا نام پیٹر پال ڈیوڈ بتایا جارہا ہے جسے کراچی جانے والی پرواز سے اتار کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہوئے بم دھماکے کے کیس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے جو غیر ملکی شہری بتایا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مشتبہ شخص کا نام پیٹر پال ڈیوڈ بتایا جارہا ہے جسے کراچی جانے والی پرواز سے اتار کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

مذکورہ شخص جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں استعمال کی جانے والی کار کا مالک بتایا جارہا ہے، واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے تھے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک اور شخص کی تلاش ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اس نے دھماکا خیز مواد سے لدی کار ہدف کے مقام پر پہنچائی۔

مشتبہ شخص کے ٹھکانے اور شناخت کے بارے میں معلومات خفیہ رکھی جارہی ہیں لیکن اس کی سفری تفصیلات ظاہر کرتی ہیں کہ وہ دبئی، کراچی اور لاہور کے درمیان اکثر سفر کرتا ہے لیکن اپنی سرگرمیوں اور دوروں کے مقاصد کے بارے میں تفتیش کاروں کو مطمئن نہیں کرسکا۔

Back to top button