بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹنا پڑے گا،شوکت ترین

اس سال معاشی ترقی کی شرح 3.94 فیصد رہے گی اور اگلے سال 5 فیصد معاشی گروتھ ہوسکتی ہے

: وزیر خزانہ شوکت ترین نے رواں مالی سال کے دوران 3.9 فیصد اور اگلے مالی سال کے دوران 5 فیصد معاشی ترقی کی نوید سنا دی جب کہ انہوں نے جون تک پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کی بھی امید ظاہر کی ہے۔وزیر خزانہ نے ورچوئل پریس بریفنگ میں کہا کہ اس سال معاشی ترقی کی شرح 3.94 فیصد رہے گی اور اگلے سال 5 فیصد معاشی گروتھ ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیح قیمتوں کا استحکام اور مہنگائی کنٹرول کرنا ہے ، پاکستان میں زراعت پر عرصے سے توجہ نہیں دی گئی اس لیے ملک غذائی قلت کا شکار ہو چکا ہے  جب کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹنا پڑے گا۔ 

وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی استعمال کریں گے ، سیلز ٹیکس کے لیے لاٹھیاں نہیں ماریں گے بلکہ سہولیات دیں گے، سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کم کر دی ہے، عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے، وعدہ ہے کہ ٹیرف میں اضافہ نہیں ہوگا۔

 شوکت ترین نے مزید کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی شرط آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں دیکھی ، فیٹف کی صرف ایک شرط رہ گئی ہے اور فیٹف کے معاملے پر بھارت کے جواب میں پاکستان بھی دوست ممالک سے رابطے کر رہا ہے۔

Back to top button