بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کرپشن ریفرنس، فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز

ایسا نہیں ہوسکتا کہ وہ بیرونِ ملک بیٹھی رہیں اور ہم استثنیٰ دیتے رہیں، حاضری سے استثنیٰ لینے کیلئے بھی ایک بار عدالت آنا ضروری تھا،جج

احتساب عدالت اسلام آباد نے کرپشن کے ریفرنس میں سابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کو بذریعہ اشتہار طلب کر لیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نےبینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے ریفرنس میں فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا۔

عدالت نے فرزانہ راجہ کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی جبکہ شریک ملزم راجہ عبد المناف کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کر دیئے۔

عدالت نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ریفرنس آیا ہے فرزانہ راجہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئیں۔

فاضل جج نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ وہ بیرونِ ملک بیٹھی رہیں اور ہم استثنیٰ دیتے رہیں، حاضری سے استثنیٰ لینے کیلئے بھی ایک بار عدالت آنا ضروری تھا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فرزانہ راجہ کو بذریعہ اشتہار 1 ماہ کے اندر عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ 24 مئی تک فرزانہ راجہ پیش ہوں ورنہ وہ اشتہاری قرار پائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button